16 اپریل 2015 - 10:29
نائب وزیر خارجہ: ایران اور پاکستان کے درمیان سفارتی تعاون پر تاکید

ایران کے نائب وزیر خارجہ حسن قشقاوی نے کہا ہے کہ سفارتی امور کے کمیشنوں کا انعقاد، دو دوست ، ہمسایہ اور مسلمان ملکوں کی حیثیت سے ایران اور پاکستان کی حکومتوں اور قوموں کے تعلقات میں توسیع کے لئے ایک مضبوط بنیاد ہے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق حسن قشقاوی نے اسلام آباد میں بدھ کے دن ایران اور پاکستان کے مشترکہ سفارتی امور سے متعلق کمیشن کے اجلاس میں ایک سمجھوتے پر دستخط کرنے کے بعد کہا کہ اس اجلاس میں فریقین کا دس نکات پر اتفاق ہوا ہے جس میں دونوں ممالک کے شہریوں کے ویزے میں آسانیاں پیدا کرنا ، دونوں ممالک کے تاجروں اور ڈرائیوروں کے ویزوں میں سہولت اور پاکستان میں ایرانی اداروں کے ملازمین اور اساتذہ کی رہائش جیسے امور شامل ہیں- ایران کےنائب وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ اس کے علاوہ سرحدی امور ، دہشتگردی کا مشترکہ طور پر مقابلہ کرنے ، منظم جرائم ، انسانی اسمگلنگ اور منشیات کی اسمگلنگ کے بارے میں بھی اتفاق رائے ہوا- ایران اور پاکستان کے قونصل خانوں کا پانچواں مشترکہ اجلاس، منگل کے دن پاکستان کی وزارت داخلہ میں شروع ہوا جو بدھ کی شام کو دس نکاتی سمجھوتے پر دستخط کۓ جانے کے بعد اختتام پذیر ہوگیا- دوسری جانب ایران کے صوبے سیستان و بلوچستان کے ڈپٹی گورنر نے کہا ہے کہ ایران اور پاکستان کا مشترکہ سیکورٹی اجلاس جمعرات کے دن اسلام آباد میں ہو رہا ہے-

.......

/169